اہم خبریں

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا سعودی عرب کے ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلیفون پر گفتگوکی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں وزراء خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے اور وسعت دینے کےباہمی عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے سیلاب متاثرین سے متعلق امداد پر سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو ”کلائمیٹ ریزیلینٹ پاکستان“ سے متعلق آئندہ بین الاقوامی کانفرنس سے آگاہ کیا جو 9 جنوری کو جنیوا میں منعقد ہورہی ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کی سیلاب کے بعد کی تعمیر نو اور بحالی کی کوششوں کے تمام اقدامات کے لیے مملکت سعودی عرب کی بھرپور حمایت سے آگاہ کیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے افغانستان کی حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کی ضمانت اور زندگی کے تمام پہلوئوں میں ان کی مکمل اور مساوی شرکت کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے افغانستان میں سلامتی، استحکام اور امن کے لیے اپنی حمایت اور افغان عوام کے لیے مزید پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی شمولیت کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

متعلقہ خبریں