اہم خبریں

خصوصی افراد کی بحالی اور ترقی میں درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے معاشرتی رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے، ثمینہ عارف علوی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے خصوصی افراد کے متعلق بیانیے کو تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی بحالی اور ترقی میں درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے معاشرتی رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پیر کے روز کراچی ڈائون سنڈروم پروگرام کا دورہ کیا اور ڈائون سنڈروم سے متاثرہ افراد کو معاشرے میں ضم کرنے کے لیے تنظیم کی کوششوں کو سراہا۔ خاتون اول نے خاص طور پر ابتدائی سالوں میں خاندان کی مدد اور ان کی شمولیت کی ضرورت پر بھی بات کی۔ انہوں نے پی خصوصی افراد کو قومی معیشت میں ضم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان کے تشخص کو تبدیل کیا جا سکے۔ خاتون اول نے لرننگ سینٹر میں بچوں اور ان کے والدین سے بات چیت کی اور ڈائون سنڈروم کے شکار لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کے ڈی ایس پی کے کام کو سراہا۔ کراچی ڈائون سنڈروم پروگرام ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو بچوں اور ڈائون سنڈروم کے شکار لوگوں کی دیکھ بھال کے طریقہ کار کی ازسرنو وضاحت کے لیے وقف ہے۔ یہ تنظیم پچھلے 8 سالوں سے کام کر رہی ہے، تاکہ ڈائون سنڈروم کے شکار لوگوں کو ایک جامع معاشرے میں آزاد اور پیداواری زندگی گزارنے کے قابل بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں