اسلام آباد(اے بی این نیوز )وزیرمملکت برائے قانون و انصاف ملک شہادت اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کے فروغ پر یقین رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے سابق حکومت کی طرف سے 2021 میں سرکاری ملازمتوں میں کھیلوں کے کوٹے پر لگائی گئی پابندی ختم کردی ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات میں ایک سوال کے جواب میں وزیرمملکت قانون وانصاف ملک شہادت اعوان نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل رہا ہے ، ہم نے ہاکی کا ورلڈ کپ جیتنے سمیت متعدد مرتبہ چیمپئنز ٹرافی اور گولڈ میڈل حاصل کئے۔2021 میں سرکاری ملازمتوں میں کھیلوں کا کوٹہ ختم کردیا گیا تھا جس کو2022 میں موجودہ وزیراعظم نے بحال کردیا ہے۔ خوشاب اور گوجرہ میں بعض لوگوں نے ہاکی کے کھیل میں بہت خدمت کی ۔ موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ بالخصوص ہاکی کو فروغ دینے کےلئے پرعزم ہے ۔ سندھ حکومت نے ہاکی کےلئے 29کروڑ روپے مختص کئے۔ عبدالستار ایدھی کے نام پر ہاکی گرائونڈ بھی بنایا ہے۔وزیر مملکت برائے قانون و انصاف نے تجویز دی ہے کہ کھیلوں کے فروغ کےلئے کھیلوں کی وزارت کو وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ شیخ روحیل اصغر کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ ہم اپنے ملک اوربچوں سے مایوس نہیں ہیں، یہ ملک آگے بڑھے گا اور ہمارے بچے ہر کھیل میں اپنا نام پیدا کریں گے۔معین وٹو کے سوال کے جواب میں ملک شہادت اعوان نے کہا کہ ہاکی کا کھیل ختم نہیں ہوا یہ کھیل تنزلی کا شکار اس لئے ہوا کیونکہ بڑے بڑے اداروں نے اس کھیل کی سرپرستی ختم کردی ہے، ہم نے سرکاری اداروں میں کھلاڑیوں کی ملازمتوں پر پابندی ختم کردی ہے۔ اس کے ہاکی کے کھیل پر اچھے اثرات مرتب ہونگے، سپیکر نے اس سوال کو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔
