کوئٹہ(نیوزڈیسک)مکران ،زیارت ،قلات ، قلعہ عبداللہ ،ہرنائی، سوراب، پنجگور، گوادر ،واشک سمیت کئی دیگر علاقوں میں رات گئے وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری جبکہ قلعہ عبداللہ میں گزشتہ رات سے موسلادھار بارش کے باعث ندی نالے بپھر گئے ہیں۔ندی نالوں میں طغیانی آنے سے آرمبی، کاکوزئی ،توبہ اچکزئی سمیت دیگر علاقوں میں آمد و رفت کے راستے بند ہو گئے ہیں۔ بلوچستان میں بارش برسانے والی مغربی ہوائیں داخل ،کئی علاقوں میں شدید بارش کے باعث نالوں میں طغیانی آ گئی اور آمدورفت کے راستے بند ہو گئے ہیں۔قلعہ عبداللہ شہر کے قریب ماچکہ اور باغک ندی میں بھی طغیانی آ گئی۔ وادی زیارت و ملحقہ علاقوں میں گزشتہ شام سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔زیارت میں موسلادھار بارش کے باعث بجلی اور گیس کی سپلائی مکمل معطل ہو گئی ہے۔ ماہ رمضان میں بجلی اور گیس کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے گھریلو صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔
