اہم خبریں

اسلام آباد ہائیکورٹ ،عمران خان کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست توشہ خانہ فائل گم کیس کیساتھ منسلک کردی گئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف دائر توہین عدالت کیس توشہ خانہ فائل گم ہونے والے کیس کے ساتھ منسلک کردیا، عدالت نے امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے سے متعلق معاملے کی آئی جی اور اسلام آباد انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کی جانب سے امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے کے کیس میں اے سی شالیمار کی عمران خان کے خلاف دائر توہین عدالت درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔عدالت نے فائل گم ہونے والے کیس کے ساتھ اس کیس کو منسلک کردیا۔عدالت نے امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے سے متعلق معاملے کی آئی جی اور اسلام آباد انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ توشہ خانہ فائل گم ہونے کے کیس کے ساتھ یہ منسلک کریں۔درخواست میں کہا گیا کہ عدالت کا حکم تھا عمران خان امن و امان کی صورتحال پیدا نہیں کریں گے، انہوں نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی، پی ٹی آئی کارکنان نے پولیس اور جوڈیشل کمپلیکس پر پتھراؤ کیا، پولیس نے عدالتی حکم کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کیے تھے، عمران خان کو طلب کرکے قانون کے مطابق کاروائی کی جائے۔بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 7 اپریل تک کے لئے ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں