اہم خبریں

عمران نے اپنےجھوٹے بیانیے اور وعدوں کی سیاست سے اپنے کارکنان کو بھی شرمندہ کیا، امیر مقام

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی و عوامی امور، قومی ورثہ و ثقافت اور صدر مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا، انجینئر امیر مقام نے گرینڈ شمولیتی جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ بصیر خان اور ان کے ساتھیوں کو مسلم لیگ ن میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جھوٹ کے چیمپین کا ایک اور وعدہ بھی جھوٹا نکلا جہاں کے پی کی عوام اسمبلیاں تحلیل ہونے کے انتظار میں تھی مگر حسب معمول عمران نے راہ فرار اختیار کی۔ مشیر نے کہا کہ عمران نے اپنے قول و فعل کے تضاد، جھوٹے بیانیے اور وعدوں کی سیاست سے اپنے کارکنان کو بھی شرمندہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب سچ کا وقت آگیا اور جلد پنجاب کو اس جھوٹے ٹولے سے نجات مل جائے گی۔اسلام آباد میں مقیم شانگلہ سے تعلق رکھنے والی ممتاز کاروباری شخصیت، یونین کونسل پیر خانہ کے سابق تحصیل کونسلر اور پی پی پی تحصیل الپوری ضلع شانگلہ کے جنرل سیکرٹری بصیر خان اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں ایک پر وقار تقریب کے دوران شامل ہوئے۔مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام نے آج اسلام آباد میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا، شہید ہونے والے کو خراجِ عقیدت اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔ مشیر نے کہا کہ نواز شریف نے پوری قوم کو دہشتگردی کے خلاف متحد کیا مگر چار سال نالائق حکومت نے سب کچھ برباد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم سمجھتی ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ہی کے پاس ہے۔ مشیر نے بتایا کہ نواز شریف جلد ملک واپس آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اربوں کی فنڈنگ اسرائیل اور انڈیا سے لے کر صرف ملک کی بربادی کے لیے کام کیا۔ انجنیئر امیر مقام نے مزید کہا کہ عمران نیازی کی گھڑی چوری سمیت بیشمار چوریاں منظر عام پر آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہر مشکل میں عوام کا ساتھ دیا خواہ زلزلے، سیلاب یا دہشت گردی اور آئندہ بھی مایوس نہیں کروں گا۔ مشیر کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے۔ انہوں نے پانچ سو سے زائد افراد کو مسلم لیگ کی ٹوپیاں پہنائیں۔ جلسے کے مقررین میں بصیر خان صوبائی نائب صدر زولفقار خان ایم این اے ڈاکٹر عباد اللہ سابق ایم پی اے راشاد خان ضلعی صدر انتخاب عالم اور جنرل سیکرٹری بخت عالم خان شامل تھے۔ مقررین نے انجینئر امیر مقام، ڈاکٹر عباد اور مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں