اہم خبریں

اسحاق ڈار کی زیر صدارت فنانس ڈویژن میں اہم اجلاس

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک ہلال امتیاز( ملٹری) اور ان کی ٹیم کے ساتھ فنانس ڈویژن میںاجلاس ہو ا جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا،سپیشل سیکرٹری خزانہ اور این ڈی ایم اے کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے اجلاس کو این ڈی ایم اے کے موجودہ ورکنگ اسٹرکچر کے ساتھ آفات سے قبل اور بعد کی تیاریوں کے بارے میں پریذنٹیشن کے ذریعے بریفنگ دی۔ اجلاس کو کوویڈ-19 اور ملک میں حالیہ تباہ کن مون سون بارشوں اور سیلاب کے دوران این ڈی ایم اے کی فوری امدادی کارروائیوں کے بارے میں بتایا گیا۔ چیئرمین نے مستقبل میں قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لیے ڈیزاسٹر ریسپانس کے نظام کو فوری امدادی کارروائیوں سے لے کر ایک فعال ترین ادارہ کے طور پردوبارہ تشکیل دینے پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے تباہ کن آفات میں متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لیے این ڈی ایم اے کے کردار اور سرگرمیوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کو بچانے کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور این ڈی ایم اے کے آفات سے نمٹنے کےلئے فوری امدادی سرگرمیوںکو بھی سراہا۔

متعلقہ خبریں