اہم خبریں

عمران خان کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں،یہ صر ف پاکستان کے تشخص کو پامال کرنے پر تلے ہوئے ہیں ، مریم اورنگزیب کا دعویٰ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کے تشخص کو پامال کرنے پر تلے ہوئے ہیں، ان کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، نہ ہی ان کی گرفتاری کا انتخابات میں تاخیر سے کوئی تعلق ہے۔ برطانوں نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان قانون سے تعاون کرنے کی بجائے مسلسل قانون شکنی کر رہے ہیں، پولیس صرف عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر رہی ہے، ان پر کرپشن کے مقدمات ہیں اور انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنا ہے،پولیس کے پاس کسی قسم کا کوئی اسلحہ نہیں، پولیس عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرنے کے لئے زمان پارک میں موجود ہے جہاں پولیس پر بموں سے مسلسل حملے ہو رہے ہیں۔ اب تک ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سمیت 65 پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان میں خانہ جنگی، سول وار اور افراتفری چاہتے ہیں، وہ لوگوں کو تشدد کیلئے بھڑکا رہے ہیں، پولیس جب عمران خان کو گرفتار کرنے آتی ہے تو وہ خواتین اور بچوں کو پولیس کے سامنے کھڑا کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری ان کے خلاف کرپشن کے مقدمات میں جاری ہوئے ہیں، عمران خان نے اپنے چار سالوں میں اپنے سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات قائم کئے، انہیں جیلوں میں ڈالا، وہ جب وزیراعظم تھے تو اپنے سیاسی مخالفین کے وارنٹ گرفتاری خود جاری کرواتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کی طرف سے جاری وارنٹ گرفتاری پر پولیس اسلحہ کے بغیر عمران خان کو گرفتار کرنے کے لئے زمان پارک میں موجود ہے، عمران خان کو ذمہ داری سے کام لینا چاہئے ، صر ف عدالت پیشی سے بچنے کے لیے عمران خان سیکیورٹی خطرات کا بہانا بناتے ہیں۔

متعلقہ خبریں