ملکہ ترنم نورجہاں کو مداحوں سے بچھڑے 22 برس بیت گئے،یادگار گانوں کی بدولت اُن یاد آج بھی دلوں میں تازہ

لاہور (نیوز ڈیسک) ملکہ ترنم نورجہاں کو مداحوں سے بچھڑے 22 برس بیت جانے کے بعد بھی آج بھی وہ اپنی سریلی آواز کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں بستی ہیں۔نور جہاں نے تقریباً 22 ہزار سے زائد گیتوں کو اپنی آواز سے یادگار بنایا جبکہ گلوکارہ نے تقریباً 40 فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔ ستمبر سن 1926 کو قصور میں پیدا ہونے والی اللہ وسائی نے نورجہاں کے نام سے شہرت پائی، جنہیں ان کی آواز پر ملکہ ترنم کے خطاب سے نوازا گیا۔نورجہاں نے فلم ’پنڈ دی کڑی‘ سے اپنے کرئیر کا آغاز کیا اور اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے میدان میں بھی بے پناہ شہرت حاصل کی۔مشہور زمانہ گانوں میں مجھ سے پہلی سی محبت، گائے گی دنیا گیت میرے، چاندنی راتیں اور دیگر شامل ہیں۔سُروں کی ملکہ نورجہاں نے سن 1965 میں پاک بھارت جنگ کے دوران لہوگرما دینے والے ملی نغمے گائے، جن کی تازگی آج بھی برقرار ہے۔نورجہاں کو شاندار پرفارمنس پر صدارتی ایوارڈ، تمغہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔