اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مقامی ضروریات کو پورا کرنے اور غیر ملکی ذخائر کو بچانے کے لئے صحت کے شعبے میں دیسی مصنوعات کی حوصلہ افزائی کے لئے پرعزم ہے۔وہ جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان کے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ آئی وی ڈی سلوشنز اور ان کی کچھ نئی مصنوعات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مقامی طور پر تشخیصی آلات کی تیاری فخر کی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کچھ بھی کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں لیکن اقدامات اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات نہ صرف ملک کی ضروریات کو پورا کریں گی بلکہ وسطی ایشیائی ریاستوں، افغانستان، مشرق وسطیٰ اور افریقہ سے باہر کی منڈیوں کی تلاش کے دوران ان کی برآمدات میں بھی مدد کریں گی۔ وزیر تجارت نے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں کو ڈریپ کی منظوری کے بعد مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات کی خریداری کو ترجیح دینی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے جان بچانے والی ادویات اور خام مال کی درآمد کے لئے ایل سیز کھولنے کی اجازت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی پروڈیوسرز کے لئے خام مال کی درآمد پر ڈیوٹی پر نظرثانی اور مقامی پروڈیوسرز/مینوفیکچررز کی موجودگی میں تیار مال کی درآمد پر مزید ڈیوٹی عائد کرنا ہو گی تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو درآمد پر توجہ مرکوز رکھنے کے بجائے مقامی طور پر سرمایہ کاری اور پیداوار کی ترغیب دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کو فروغ دینے کے لئے گوادر میں فری زون کھولنے کا امکان ہے۔