اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارکی زیر صدارت ڈونرزکانفرنس کے حوالہ سے ہونے والے بین الوزارتی اجلاس میں بین الاقوامی فورم پر پاکستان کے لئے مضبوط کیس پیش کرنے کے لئے کانفرنس کو جامع اور بامقصد بنانے اور بعض ایجنڈہ امور پر نظر ثانی اور ترمیم کی تجاویزوسفارشات پیش کی گئیں، کانفرنس 9 جنوری کوجنیوامیں منعقد ہوگی جس کے افتتاحی سیشن میں وزیراعظم شہباز شریف اوراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل خطاب کریں گے ۔اجلاس جمعرات کویہاں منعقد ہواجس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال،وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، وزیر مملکت پٹرولیم مصدق مسعود ملک، معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معان خصوصی محصولات طارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی، سیکرٹری منصوبہ بندی ڈویژن، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن، سیکرٹری وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جنیوا میں 9 جنوری 2023 کو موسمیاتی اورماحولیاتی لحاظ سے موزوں پاکستان اورموسمیاتی تبدیلیوں پر منعقد ہونے والی کانفرنس کے مجوزہ پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والی اس کانفرنس کا مقصد 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد موسمیاتی لحاظ سے پائیدار اورموزوں پاکستان کی تعمیر کے لئے عوام اور حکومت پاکستان کے لئے بین الاقوامی حمایت کا حصول ہے، کانفرنس میں سیلاب کے بعد بحالی اور یہ تعمیر نو کے لیے بین الاقوامی انسانی امداد وحمایت کاحصول بھی ہے بھی حاصل کرے گی۔ وزارت امورخارجہ کے سیکرٹری نے مجوزہ کانفرنس کے ایجنڈے کے مسودے کے طریقہ ہائے کار، مدعو کرنے والوں، ممکنہ عطیہ دہندگان اور کانفرنس کے شیڈول کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے شرکاء کوبتایا کہ کانفرنس میں متعدد ممالک کے سربراہان مملکت اور حکومتیں، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی ترقیاتی و مالیاتی اداروں کے رہنما ونائندے شریک ہوں گے وزیر اعظم پاکستان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اعلیٰ سطح کے افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے۔ اجلاس کے شرکاء نے بین الاقوامی فورم پر پاکستان کے لئے مضبوط کیس پیش کرنے کے ضمن میں کانفرنس کو مزید جامع اور بامقصد بنانے کیلئے بعض ایجنڈہ امور پر نظر ثانی اور ترامیم کی تجاویز اورسفارشات پیش کیں۔ بین الوزارتی اجلاس کے تمام شرکاء نے کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔