اہم خبریں

انڈونیشیا کی سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے ریلیف اور بحالی کیلئے امدادی گرانٹ، معاہدے پر دستخط

اسلام آباد (نیوز ڈیسک )حکومت پاکستان کی جانب سے، این ڈی ایم اے نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے انڈونیشیا کی حکومت کیطرف سے 10 لاکھ امریکی ڈالر کے گرانٹ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے، لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور پاکستان کے سفیر ایڈم ملاورمن توگیو نے گرانٹ کی دستاویز پر دستخط کیے۔ اس گرانٹ کی رقم کو سیلاب سے متاثرہ آبادی کے لیے خوراک اور رہائش کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اسکے علاوہ گرانٹ کا ایک حصہ پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے پیشگی تیاری کے لیے مختص کیا گیا ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے پر انڈونیشیا کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کو بہتر بنانے کے لیے باہمی تعاون کے ساتھ تربیتی پروگراموں کے ذریعے ایمرجنسی رسپانس اور تیاری کی صلاحیت کو بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے انڈونیشیا میں حالیہ زلزلے کے دوران ہونے والے نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور جلد از جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ سفیر نے انڈونیشیا کی حکومت کی طرف سے سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کی بحالی تک مدد کا اعادہ کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تباہ کن سیلاب کے بعد بحالی کے مرحلے میں پاکستان کی مدد کرے۔

متعلقہ خبریں