اہم خبریں

پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں اقلیتوں کو برابری کے حقوق دئیے جاتے ہیں، چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے چیئرمین کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس کی ہدایت پر کرسمس کی آمد کے موقع پر ادارے میں کام کرنے والے تمام مسیحی ملازمین کے لئے 22 دسمبر بروز جمعرات کو سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں کرسمس کیک کٹینگ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ادارے میں کام کرنے والے تمام مسیحی ملازمین کو بھی مدعو کیا گیا۔ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد مسیح ملازمین کی خوشیوں میں شریک ہونا اور انکی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔اس موقع پر چیئرمین کپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے بلا تفریق رنگ، نسل و مذہب اپنے ملازمین کو سہولیات بہم پہنچانے کو یقینی بناتا ہے۔ اسی طرح انتظامیہ اپنے ملازمین کو یکساں بنیادوں پر مالی و دیگر مراعات فراہم کرتی ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ جہاں سی ڈی اے کے مسلم ملازمین کو عیدین کے موقع پر اضافی اور قبل از وقت تنخواہوں اور الائونسز کی ادائیگی کو یقینی بنایا جاتا ہے وہیں ادارے میں کام کرنے والے مسیحی ملازمین کو بھی کرسمس سمیت ایسٹر کے موقع پر مساوی حقوق دئیے جاتے ہیں تاکہ ملازمین اور انکے اہل خانہ عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں منا سکیں۔چیئرمین کپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح سی ڈی اے کے مسلم ملازمین کو ادارے کے خرچ پر حج کی سعادت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے وہیں سی ڈی اے کے مسیحی ملازمین کے لئے ویٹکن سٹی میں عبادات کا شرف حاصل ہوتا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ مسیحی برادری کے لئے قبرستان سمیت دیگر مسائل کو بھی اولین بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ جس طرح آج کی تقریب میں مسلم اور مسیحی ملازمین ایک ساتھ کرسمس کی خوشیاں منارہے ہیں اسی کا نام پاکستان ہے۔ اور پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں اقلیتوں کو برابری کے حقوق دئیے جاتے ہیں کیونکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا بھی یہی نظریہ تھا۔ چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس نے خطاب کرتے ہوئے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارکباد بھی دی اور کہا کہ نہ صرف سی ڈی اے بلکہ پاکستان کے تمام ادارے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہیں۔

متعلقہ خبریں