لاہور(اے بی این نیوز )وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،ہمارے نوجوان با صلاحیت اور پرعزم ہیں انہیں آگے بڑھنے کے لیے مناسب پلیٹ فار م کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے )میں شجرکاری مہم کی اہمیت کے موضوع پر پوسٹر کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔شیزا فاطمہ نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے 2013 میں اس وقت کے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے خصوصی پروگرام شروع کئے تھے جس کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو بہتر پلیٹ فار م فراہم کرنا تھا اور 2023 میں اس پروگرام کے 10 سال مکمل ہو چکے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نوجوانوں کے حوالے سے پہلے سے زیادہ پر عزم ہے اور اسی مقصد کیلئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوتھ پروگرام شروع کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بطور وزیر اعظم کی مشیر برائےامور نوجواناںن اس بات پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہیں کہ تعلیمی اداروں میں نوجوان نسل کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا جائے اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کی آرا و تجاویز حاصل کی جائیں تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔شیزا فاطمہ نے کہا کہ انہیں این سی اے میں طالبعلموں کی طرف سے موسمیاتی و ماحولیاتی تبدیلیوں اور شجرکاری کے موضوع پر بنائے جانیوالے پوسٹر دیکھ کر انتہائی خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری نوجوان نسل کو ان مسائل کا بخوبی ادراک ہے۔انہوں نے کہا کہ این سی اے ملک کا بہترین ادارہ ہے یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام رورشن کیا اور وہ مختلف شعبوں میں نامور آرٹسٹ ثابت ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، ہمارے نوجوانوں کو مناسب پلیٹ فارم کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے این سی اے میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا ۔قبل ازیں این سی اے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری نے انہیں اپنے ادارے کے حوالے سے بریفنگ دی۔
