اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سے صومالیہ کے ایک وزارتی وفد نے وزیر داخلہ و وفاقی امور احمد معالم فقی احمدکی سربراہی میں ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں باہمی امور بالخصوص پاکستان کے گورننس سسٹم اور وفاقیت پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ صومالیہ کا یہ وفد پاکستان کا 7 روزہ مطالعاتی دورہ کررہا ہے دورے کا مقصد پاکستان میں اٹھارہویں ترمیم، نیشنل فنانس کمیشن اور مشترکہ مفادات کونسل سے متعلق پاکستان کے تجربات اور مفاہمتی عمل سے مستفید ہونا ہے۔ ملاقات میں مشیر امور کشمیر نے نیشنل فنانس کمیشن، مشترکہ مفادات کونسل اور اٹھارویں ترمیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فیڈریشن کو مضبوط کرنے میں ان آئینی اداروں کا بڑا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور اکائیوں کے درمیان اختیارات کی منصفانہ تقسیم کسی بھی وفاق کی مضبوطی میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کمیونیٹیز اور قبائل کی شمولیت کا احساس ملک کی خوشحالی کا ضامن ہوتا ہے، مشیر امور کشمیر نے اس موقع پر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گزشتہ چند سالوں میں ہونے والی اختیارات کی تفویض سے متعلق وفد کو آگاہ بھی کیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی زبردست حامی رہی ہے اور پاکستان میں اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو اختیارات کی منتقلی کا سہرا بھی پاکستان پیپلز پارٹی کو جاتا ہے۔ ملاقات میں مسلہ کشمیر کو اجاگر کرتے ہوئے مشیر امور کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر صومالیہ کی حمایت انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کی او آئی سی، عرب لیگ اور افریقن یونین کا ممبر ہونے کے ناطے سے پاکستان مسلہ کشمیر پر صومالیہ کی حمایت کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کے لیے او آئی سی کی حمایت ایک حوصلے اور امید کا سبب ہے۔ پاکستان اور صومالیہ کے باہمی تعلقات پر بات چیت کرتے ہوئے مشیر امور کشمیر نے کہا کہ پاکستان اور صومالیہ دفاع سے لے کر زراعت تک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیاکہ پاکستان کی یونیورسٹیوں میں ہزاروں صومالی طلبا تعلیم حاصل کر کے صومالیہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار بھی کیا۔ ملاقات میں وزیر مملکت امور کشمیر و گلگت بلتستان نوابزادہ افتخار احمد خان، وزیر مملکت برائے صنعت و پیداوار تسنیم احمد قریشی، وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی او ر وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانی سردار سلیم حیدر نے بھی شرکت کی۔ ملاقات کے آخر پر مشیر امور کشمیر اور دیگر وزراء نے وفد کے ارکان کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں۔