Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

اوور سیز کے مسائل کے حل کیلئے حکومت دن رات کام کر رہی ہے، ساجد حسین طوری

لاہور(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ نئے پراجیکٹ میں اوور سیز کا حق بنتا ہے، اوور سیز کے مسائل بہت زیادہ ہیں اور ان کے حل کیلئے ہماری وزارت دن رات کام کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن(او پی ایف)ہا ئوسنگ سکیم فیز (ون) خیابان جناح میں ہائی رائز کمرشل بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ذوالفقار بدر، سیدہ فاطمہ حسن ، ڈاکٹر عالم شیر اور او پی ایف کے افسران نے شرکت کی۔ وفاقی وزیرساجد حسین طوری نے کہا کہ اوورسیز کے مسائل حل کرنے کے لیے ہمارا عملہ دن رات کوشاں ہے ،اوورسیز کے کیسز حل کرنے کیلئے سپیشل کورٹس کی سمری منظور ی کیلئے پارلیمنٹ بھیج دی ہے تاکہ 6ماہ میں ان کے مسائل حل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ او پی ایف کی سکیموں میں اوورسیز کو سرمایہ کاری کیلئے بھر پور مواقع فراہم کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں اوورسیز کو این او سی دینے کے حوالے سے تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اوورسیز کے بچوں کو درپیش تعلیمی مسائل بھی حل کئے جائیں گے، انہیںایچ ای سی کے ذریعے سکالرشپس اور بیرون ممالک تعلیم کے مواقع فراہم کریں گے جبکہ سکولوں اور کالجز میں مقابلے کے امتحانات منعقد کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان، کوریا، رومانیہ و دیگر ممالک میں ہم اپنے ہنرمند افراد کو بھیجیں گے، آئی ٹی و دیگر شعبوں میں دس لاکھ لوگوں کو باہر بھیجنے کا ٹارگٹ ہے،او پی ایف سکیموں میں ترقیاتی کاموں کو جنوری2023 تک مکمل کرلیا جائے گا، گلبرگ میں او پی ایف کی پراپرٹی پر مزدور طبقہ کیلئے منصوبے تیار کریں گے، ٹیکسلا میں 500فلیٹس تیار کرکے پنجاب حکومت کے حوالے کر دیئے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوامیں بھی فلیٹس تعمیر کئے گئے ہیں، ملک بھر میں ساڑھے پانچ ہزار فلیٹس فروری میں ورکرز کے حوالے کر دیئے جائیں گے جبکہ ورکرز کیلئے ہسپتال ، سکول و دیگر فلاحی منصوبے بھی بنا رہے ہیں ۔آخر میں وفاقی وزیر نے بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھا۔