اہم خبریں

ہم پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن روکنے کیخلاف عدالت جائیں گے ،اسد عمر

اسلام آباد( نیوز ڈیسک)حکومت نے اب کھلم کھلا آئین اور قانون کو پامال کرنا شروع کر دیا، پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور اسلام آباد کا بلدیاتی الیکشن روکنا دونوں بدنیتی پر مبنی ہیں دونوں معاملات کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے۔جمعرات کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے تاریخ کے سب سے بڑے جلسے کیے، انہیں سمجھ آگئی ہے کہ عمران خان سے سیاسی مقابلہ نہیں کیا جاسکتا، جون کے مہینے میں یہ اسلام آباد کی حلقہ بندیاں تبدیل کرنا چاہتے تھے اور اب انہیں خیال آیا ہے کہ اسلام آباد کی آبادی بڑھ گئی ہے، خوف اس بات کا ہے کہ کہیں انہیں عوام کے پاس جانا نہ پڑ جائے۔اسد عمر نے کہا کہ پرویز الٰہی اور عمران خان میں کوئی دوریاں نہیں ہیں، پہلے کہتے تھے کہ عمران خان اسمبلیاں تحلیل نہیں کریں گے، پھر کہتے تھے کہ پرویزالہٰی اسمبلی تحلیل نہیں کریں گے، اب یہ غیر قانونی اقدامات کرکے پنجاب میں قیاس آرائی پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور ق لیگ سیاسی اتحادی ہیں، ضروری نہیں ہے کہ ہر بات پر متفق ہوں، انہوں نے تمام حربے استعمال کیے، سیاسی اور قانونی طور پر ان کے تمام حربے ناکام ہوئے ہیں۔انہوں نے عمران خان کو مائنس کرنے کے لیے قتل کرنے کی کوشش بھی کی، جعلی آڈیو اور ویڈیو چلانا شروع کر دیں، عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

متعلقہ خبریں