لاہور(نیوزڈیسک)وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔ سینئر رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ نمبر 373 محمد وسیم سب انسپکٹر کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس لاہور میں درج کیا گیا۔ایف آئی آر میں مقدمہ درج کرنے کی وجہ شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کی زمان پارک میں پریس کانفرنس اور اس کے باعث رش کی وجہ سے کینال روڈ بلاک ہونا لکھی گئی ہے، مزید یہ کہ فواد چوہدری نے فتنہ انگیزی اور اشتعال انگیز تقریر کی، انہوں نے عوام کو حکومت پاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف اکسایا، انہوں نے شارع عام پر آمدورفت میں خلل ڈال کر جرم کا ارتکاب کیا۔مقدمہ میں روڈ بلاک، دھمکیوں، اشتعال انگیز تقاریر سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں جب کہ ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا کہ فواد چوہدری نے ریاستی اداروں پر قتل کی منصوبہ بندی کا بھی الزام لگایا۔
