لاہور(نیوزڈیسک)فاضل جج لاہور ہائیکورٹ نے راجہ ریاض کی قومی اسمبلی میں بطوراپوزیشن لیڈر تعیناتی کیخلاف کیس کی فائل چیف جسٹس ہائیکورٹ کو بھجوادی۔درخواست شہری منیر احمد کی جانب سے دائرکی گئی تھی جس پراظہرصدیق ایڈووکیٹ نے دلائل پیش کئے۔سماعت کے دورانفاضل جج نے فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔ عدالت نے جسٹس شاہد کریم کے پاس کیس لگانے کی سفارش کی۔درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ ہائیکورٹ نے راجہ ریاض کی قومی اسمبلی میں بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کیخلاف درخواستوں پراسپیکرکو فیصلہ کرنے کا حکم دیا، اسپیکر نے وجوہات بتائے بغیر درخواستیں مسترد کر دیں۔متن کے مطابق اپوزیشن لیڈر کو صرف تعداد کی بنیاد پرنہیں بنایا جا سکتا، اس کا کردار اہم ہوتا ہے اور وہ حکومت کے ساتھ مل کر اہم فیصلے کرتا ہے۔درخواست میں عدالت سے راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے مگروہ حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں۔
