لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے الیکشن کے لئے امیدوار کے نام فائنل کرنے کی تردید کردی۔ہفتہ کو ایک بیان میں رہنما تحریک انصاف مسرت جمشید چیمہ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ میڈیا و سوشل میڈیا پر پارٹی ٹکٹس کے حوالے سے جو خبریں اور لسٹیں چل رہی ہیں وہ حقیقت پر مبنی نہیں۔مسرت چیمہ کا کہنا تھا کہ جب بھی ٹکٹس فائنل ہوں گی تو چئیرمین خود اس کا اعلان کریں گے، پارٹی میں ٹکٹس کے حوالے سے مشاورت چل رہی ہے اور کسی بھی امیدوار یا ممبر کو ابھی تک کنفرمیشن نہیں دی گئی۔خیال رہے کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے خبر سامنے آئی تھی کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور سے پارٹی امیدواروں کو فائنل کرتے ہوئے حماد اظہر کو پنجاب کے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔















