اہم خبریں

پاکستانی گوشت اور چاول اپنے پڑوسی ممالک کے مقابلے میں معیار میں بہتر ہیں، نوید قمر سے مصر کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے مصر کے پاکستان میں سفیر طارق محمد دہروگ نے ملاقات کی اور پاکستان سے چاول اور حلال گوشت کی برآمدات بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ مصری سفیر نے خصوصی طور پر درخواست کی کہ پاکستانی حکومت مصری درآمد کنندگان کے لئے پاکستانی حلال گوشت اور چاول کی خریداری میں آسانی پیدا کرنے کے لئے اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستانی گوشت اور چاول اپنے پڑوسی ممالک کے مقابلے میں معیار میں بہتر ہیں۔وفاقی وزیر نوید قمر نے سفیر کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور سفیر کو یقین دلایا کہ وزارت تجارت مصر کے سفارتخانے کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مجوزہ اقدامات پر عملدرآمد کیا جائے۔سید نوید قمر نے مشاہدہ کیا کہ 22-2021( جون تا جولائی ) کے دوران پاکستان اور مصر کے درمیان کل تجارت 636.89 ملین ڈالر رہی جس میں سے 104.68 ملین ڈالر کی برآمدات اور مصر سے درآمدات 532.21 ملین ڈالر رہیں جو کہ اصل صلاحیت سے مماثل نہیں رکھتا ہے ۔دریں اثنا وفاقی وزیر نے مصر میں تجارتی میلوں میں شرکت کے لئے پاکستانی تاجر برادری کو درپیش ویزہ اسٹامپ کے مسائل کی نشاندہی کی ۔ اس موقع پر مصر ی سفیر نے یقین دلایا کہ مستقبل میں کاروباری برادری کو اس قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

متعلقہ خبریں