اہم خبریں

یورپ میں موجود ترقی وخوشحالی کے پیچھے چار پانچ سو سال کا وہ ارتقائی عمل ہے، قمر زمان کائر

اسلام آباد(اے بی این نیوز   ) وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرنے کہا ہے کہ نوجوان نسل بہترین حصول تعلیم کے ذریعے معاشرے کی فکری تشکیل نو میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔ انہوںنے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے طلباءوطالبات کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوںنے کہاکہ کسی بھی معاشرے کی پائیدار ترقی و خوشحالی کا انحصار اُس معاشرے میں سماجی تبدیلیوں کی بنیا د پر ہوتا ہے ۔قمرزمان کائرہ نے کہا کہ یورپ میں موجود ترقی وخوشحالی کے پیچھے چار پانچ سو سال کا وہ ارتقائی عمل ہے جس کے نتیجے میں پہلے اُن معاشروں میں تعلیم کی بنیاد پر سماجی تبدیلیاں رونما ہوئیں جس نے معاشی تبدیلیوں کو جنم دیا اور جس کے نتیجے میں اُن معاشروں میں وہ انتظامی تبدیلیاں ہوئیں جن کی بنیاد پر وہ معاشرے آج ترقی یافتہ نظر آتے ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ آج یورپ رنگ، نسل ،مسلک اور قبیلے کی تقسیم سے باہر نکل چکا ہے لیکن اس کے برعکس آج بھی مذہب، قبیلے اور برادری کی بنیاد پر تقیسم ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ ماضی میں پاکستان میں معاشرے میں تبدیلی کی لہریں آئیں جنہوں نے اس تقسیم کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن اُس میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔قمرزمان کائرہ نے زور دیا کہ ملک میں ورکنگ ڈیموکریسی کے لیے ضروری ہے کہ معاشرے میں سماجی تبدیلیاں رونما ہوں جس میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے انہوںنے کہاکہ فکری سوچ میں تبدیلی اور سماجی تبدیلی کے بغیر ملک میں Sustainable democracy کا تصور مشکل ہو گا۔اُنہوں نے کہاکہ آج نوجوانوں کے سامنے مذہبی اور فرقہ وارنہ انتہا پسندی کے اُس خطرناک بیانیے کا بھی چیلنج موجود ہے جو پاکستان کے آئین اور قانون کی نفی کرتا ہے جس سے نمبردآزما ہونے کے لیے نوجوانوں کو محنت کرنا ہو گی۔ اس سے قبل طلباءوطالبات کے وفد نے سیاسی اُمور میں نوجوانوں کی ذمہ داری اور کردار کے حوالے سے اپنے خیالات اور تجاویز کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کو نوجوان نسل کو engage کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اُن کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر ملک کو درپیش مسائل کا احسن انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔

متعلقہ خبریں