لاہور (اے بی این نیوز)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،عمومی صورتحال اورصوبوں کے درمیان تعلقات بڑھانے پر بات چیت کی گئی،ملاقات میں بین الصوبائی ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا۔ ملاقات میں پنجاب اور سندھ کے کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن سے متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کچے کے علاقے میں آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ سندھ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چار اکائیوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر مشتمل ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے،سب نے مل کر ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کرنا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اتحاد اور اتفاق کی ضرورت آج پہلے سے بہت زیادہ ہے۔ اتحاد، اتفاق اور یگانگت سے پاکستان آگے بڑھے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے سب کو باہمی اختلافات بھلا کر ایک ہونا ہو گا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔















