اہم خبریں

پاکستان اور کینیا زراعت اور لائیوسٹاک میں تعاون کو وسعت دیں گے، طارق بشیر چیمہ

اسلام آباد(اے بی این نیوز   )وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق طارق بشیر چیمہ نے کینیا کے کابینہ سیکرٹری برائے زراعت و لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ میتھیکا لنٹوری کی سربراہی میں کینیا کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبے میں تعاون اور شراکت داری کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کینیا کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیا کے درمیان دیرینہ زرعی تجارتی تعلقات ہیں اور اسے آگے بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔کینیا کی زراعت اور لائیوسٹاک ڈویلپمنٹ کی کابینہ سیکرٹری میتھیکا لنٹوری نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کینیا میں پیدا ہونے والی چائے کے لیے برآمدی ممالک میں سے ایک ہے۔میتھیکا لنٹوری نے کہا کہ غذائی تحفظ ایک عالمی تشویش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے خوراک کی پیداوار کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ریسرچ کے تبادلے کے ذریعے ہم موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کر سکتے ہیں اور خوراک کی دستیابی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ہم ان چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ایک دوسرے کے مددگار بن سکتے ہیں۔وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ پاکستان چند سال قبل گندم اور کپاس برآمد کرنے والا ملک تھا لیکن بدقسمتی سے موسمیاتی تبدیلیوں اور کسانوں کا دوسری فصلوں کی طرف رجحان منتقل ہونے کی وجہ سے پاکستان اب وہی درآمد کر رہا ہے جو پہلے برآمد کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسانوں کی مدد کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں اور گندم اور کپاس کی بوائی کو فروغ دے رہے ہیں۔ کینیا کے وفد نے ساہیوال مویشیوں کی افزائش کے حوالے سے تعاون میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔
دونوں اطراف نے ریسرچ کے تبادلے کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت کو بہتر بنانے کا عزم کیا۔ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ہم بہت سے شعبوں میں مل کر کام کر رہے ہیں اور اس تعاون کو مزید وسعت دیتے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں