اسلام آباد( نیوز ڈیسک )سعودی ڈائریکٹوریٹ جنرل نار کو ٹکس کنٹرول کے وفد نے منگل کو کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ سعودی وفد کی قیادت ڈائر یکٹر جنرل نار کو ٹکس کنٹرول سعودی عرب میجر جنرل محمد بن سعید القرنی نے کی ۔ وفد نے ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس فیض احمد چدھڑ سے باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام پر دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ نیز مسافروں کی قبل از وقت معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں اطراف سے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے دونوں ممالک کے درمیان موثر اشتراک کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ۔مزید بر آں دونوں ممالک کے درمیان کرنسی کی غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کیلئے خفیہ معلومات کے تبادلے پر اتفاق ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل فیض احمد چدھڑ نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کو روکنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ سمگلروں بالخصوص منشیات کے سمگلروں کے خلاف ملک گیر کریک ڈائون جاری ہے۔