کراچی(نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے زراعت منظور وسان نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب جیل بھرو تحریک تم سےنہیں ہوپائے گی، اب پھانسی لگاؤ تحریک شروع کرو، جن مقاصد کے لئے جیل بھرو تحریک شروع کی وہ مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے ان خیالات آج اپنے بیان میں کیا۔ منظور وسان نے کہا کہ جیل بھرو تحریک دراصل عمران خان ،فرح خان اور بزدار بچاؤ تحریک ہے، جیل بھرو تحریک سے پہلے عمران خان اور شیخ رشید کہتے تھے سب سے پہلےگرفتاری وہ دیں گے،گزشتہ روز شیخ رشیدسسرال جانے کی بجائے پتلی گلی سے بھاگ گئے، چند کارکنوں کے سوا کوئی گرفتاری دینے نہیں نکلا، جن رہنماؤں نے گرفتاریاں دی ہیں وہ ضمانتوں کے لئے اب درخواستیں دے رہے ہیں۔عمران خان گرفتاری دینے کے بجائے خود عدالتوں سے ضمانت لے کر ٹانگ پر جعلی پلستر لگوا کر چھپ کر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نےجن مقاصد کے لئے جیل بھرو تحریک شروع کی وہ مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔















