اسلام آباد(نیوزڈیسک)سابق گورنر پنجاب اور رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) لطیف کھوسہ نے کہاہے کہ پولیس، رینجرز، سرکاری افسر اور عدلیہ الیکشن میں تعاون کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگومیںلطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ نہیں دی جا رہی، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) الیکشن کرانے کے لیے تیار نہیں، اسی لئے وہ انتخابات کے علاوہ دیگر معاملات پر بات کرنا چاہتی ہے، البتہ پولیس، رینجرز، سرکاری افسران اور عدلیہ بھی الیکشن میں تعاون کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس وقت پی ڈی ایم کا حصہ نہیں، وفاقی حکومت نے تباہی کے دہانے پر ملک کو کھڑا کر دیا ہے۔الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو ہم نے بے توقیر بنایا ہوا ہے، الیکشن کمیشن بہانے بازی کر رہی ہے، اسے اپنے آئینی اختیارات استعمال کرنے چاہئے۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو معطل کردیا، لہٰذا اسپیکر ممبران کو اسمبلی میں واپس آنے سے روک نہیں سکتے، اسپیکر کا اختیار صرف الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجنا ہے۔















