طورخم(نیوزڈیسک)کامیاب مذاکرات کے بعد پاک افغان طورخم بارڈر کو 5 روز بعد جزوی طور پر کھول دیا گیا۔حکام کے مطابق افغانستان سے پاکستانی شہریوں اور پاکستان سے افغانیوں کو آمدورفت کی اجازت ہے تاہم مال بردار گاڑیوں کی نقل و حمل فی الحال معطل رہے گی۔خیال رہے کہ 19 فروری کو افغان طالبان کے حکام نے پاکستان کے ساتھ ایک اہم تجارتی اور سرحدی گزرگاہ کو بند کر دیا تھا جس کے باعث پاکستان سے واپس جانے کے خواہشمند زیادہ تر افغان شہریوں کو متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں ایک وفد نے کابل کا دورہ کیا تھا، جاری بیان میں کہا گیا کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور داعش خراسان کے بڑھتے ہوئے خطرے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں فریقین نے دہشت گردی کے خطرے سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کےلیے تعاون پر اتفاق کیا۔















