اہم خبریں

نمز اور جنوبی کوریائی ویکسین انسٹی ٹیوٹ کا پاکستان میں ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری میں اشتراک کار پر اتفاق

راولپنڈی(نیوزڈیسک )نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز) اور انٹرنیشنل ویکسین انسٹی ٹیوٹ (آئی وی آئی) جنوبی کوریا نے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پاکستانی سائنسدانوں کی استعداد کار میں اضافے کے ذریعے ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری میں تعاون کرنے پر اتفاق کیاہے۔یہ اتفاق رائے نمز کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل وسیم عالمگیر کی قیادت میں ایک وفد کی انٹرنیشنل ویکسین انسٹی ٹیوٹ ‘جنوبی کوریا کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر جیروم ایچ کم کی اپنی ٹیم کے ہمراہ منگل کو سیول میں ہونے والی ملاقات کے بعد پایا گیا۔سیئول سے یہاں موصولہ ایک پیغام میں کہا گیا کہ دونوں فریقیں نے پاکستان کے سائنسدانوں کے ایک گروپ کے لیے موقع پر تربیت کے ساتھ ساتھ ویکسین کی تیاری کے لیے ٹیکنالوجی کی منتقلی سمیت استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔بوسنیا اور ہرزیگوینا میں پاکستان کے سفیر میجر جنرل (ر) اختر جمیل رائو ‘ڈین نمز فیکلٹی آف ملٹی ڈسپلنری سٹڈیز ڈاکٹر پروفیسر عائشہ محی الدین اور ڈاکٹر لالہ رخ کنسلٹنٹ کلینیکل ٹرائل یونٹ (سی ٹی یو) بھی اس موقع پر موجود تھے۔مفاہمت کی یادداشت باہمی تعاون کے شعبوں اور امور کے ساتھ ساتھ اس کے نفاذ کے طریقوں کی حامل ہے۔یادداشت کے تحت دونوں جامعات باہمی بنیاد پردوسری یونیورسٹی میں تدریس یا لیکچر دینے کے مقصد کے ساتھ یونیورسٹی سٹاف کے تبادلے میں شرکت کے لیے اپنے عملے کا انتخاب کر سکتی ہیں ۔

متعلقہ خبریں