اہم خبریں

پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، وزیرخزانہ اسحاق ڈار

اسلام آباد( نیوز ڈیسک)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی خواہش رکھتاہے۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں جمہوریہ انڈونیشیا کے سفیر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے سفیر کا خیر مقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ملاقات میں وفاقی دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔ جمہوریہ انڈونیشیا کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دو طرفہ تعلقات پر زور دیا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں میں تعاون پر حکومت پاکستان کی تعریف کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اقتصادی،تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کی وسعت پر اطمینان کااظہارکیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی حکومت کی خواہش ظاہرکی۔ وزیر خزانہ نے انڈونیشیا میں حالیہ زلزلے کی تباہ کاریوں میں جانی نقصان پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے انڈونیشیا کی حکومت کی امداد کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ انسانی امداد دوستی اور باہمی تعاون کے جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔ وزیر خزانہ اور سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں