راولپنڈی (نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے کنونشن میں پارٹی کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے خطاب کے دوران پنڈال میں سے اسلحہ بردار شخص گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق پشاور روڈ پر مسلم لیگ ن کا ورکر کنونشن جاری تھا جس میں پارٹی کی سینئر نائب صدر مریم نواز سمیت قیادت اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی کہ اس دوران پنڈال کے قریب پولیس نے ایک مشکوک شخص کو قابو کر کے تلاشی لی تو اس کے قبضے سے پستول برآمد ہوا۔پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت محمد جمیل کے نام سے ہوئی جس کو تھانے منتقل کرکے تحقیقات کا آغا ز کردیاگیا۔ پولیس ترجمان کا کہناتھا کہ ملزم ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے اورابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ وہاں رش کا فائدہ اٹھا کر پرس و موبائل فون چوری کی غرض سے آیا تھا ۔















