اسلام آباد (اے بی این نیوز) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی مستحق خواتین کے لیے مفت بینظیر سم حاصل کرنے کی آخری تاریخ 10 ستمبر 2026 قرر کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
مفت سم کا مقصد مستحق خواتین کے لیے سوشل پروٹیکشن والٹ کو فعال کرنا اور آئندہ مالی امداد کی ادائیگیوں کو زیادہ شفاف اور محفوظ بنانا ہے۔ BISP کے مطابق مفت سم صرف متعلقہ BISP مراکز سے فراہم کی جاتی ہے جبکہ ڈیجیٹل والٹ کی ایکٹیویشن تربیت یافتہ BISP عملہ کرتا ہے۔
مفت سم کیسے حاصل کی جائے؟
اہل خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے قریبی BISP تحصیل دفتر یا مقررہ مرکز پر اصل قومی شناختی کارڈ (CNIC) اور اپنا موبائل فون لے کر جائیں۔ تصدیقی عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں مفت سم فراہم کی جائے گی۔
BISP نے واضح کیا ہے کہ سم کے حصول کے لیے کسی شخص کو رقم ادا نہ کی جائے، کیونکہ یہ سہولت مکمل طور پر مفت ہے۔
سم کیوں ضروری ہے؟
سوشل پروٹیکشن والٹ کے ذریعے مستحق خواتین کو مالی امداد کی ادائیگی کا نظام زیادہ محفوظ اور شفاف بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ BISP کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مستقبل میں امدادی رقوم اور ادائیگی سے متعلق پیغامات اسی ڈیجیٹل والٹ سے منسلک ہوں گے۔
لہٰذا مستحق خواتین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 10 ستمبر 2026 کی آخری تاریخ سے قبل اپنی مفت سم حاصل کرنے کے لیے متعلقہ BISP مرکز سے رجوع کریں۔
BISP کی سرکاری ہیلپ لائن 0800-26477 ہے، جہاں مستحق خواتین مزید معلومات حاصل کر سکتی ہیں۔
مزیدپڑھیں: ایرانی ریال کی پاکستان میں تازہ ترین قیمت سامنے آگئی















