اہم خبریں

ملک بھر میں بلاول بھٹو کی حمایت میں ریلیاں،مودی کے خلاف نعرے،پتلے نذ ر آتش

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی حمایت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں،اسلام آباد میں ریلی کے شرکا نے مودی سرکار کے خلاف نعرے بھی لگائے، مودی کے پتلے نذر آتش کئے گئے ،قدم بڑھائو بلاول قوم تمہارے ساتھ ہے، ریلی میں پی پی کے سیکرٹری جنرل نیئربخاری اور مقامی قیادت نے شرکت کی، نیئر بخاری نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ مودی کو للکارنے پر قوم بلاول بھٹو کے ساتھ کھڑی ہے۔کراچی میں احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے امریکہ میں بتایا کہ مودی گجرات کا قصائی ہے، مودی نے کشمیر کا سٹیٹس تبدیل کیا ، وزیر خارجہ نے امریکہ میں بہادری سے بات کی، بلاول بھٹو ملک کے اگلے وزیر اعظم ہونگے۔نیئربخاری کا کہنا تھا کہ اقوام عالم کو بھارت کا چہرہ دکھانے کا کام صرف بھٹو کا نواسہ ہی کر سکتا تھا، بلاول بھٹو کے بیان نے ہندوستان میں بے چینی پیدا کر دی ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے مذاکرات کے ذریعے اندرا گاندھی کو شکست دی، 90 ہزار قیدی آزاد کرائے ، بلاول کو یقین دلاتے ہیں کہ قوم آپ کی کال کی منتظر ہے، ہزاروں افراد کے قتل پر ہی بلاول نے مودی کو قصائی قرار دیا۔اٹک میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام بلاول بھٹو کے حق اور قصاب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ریلی نکالی گئی، ریلی پریس کلب سے کھوڑ روڈ حیدری پلازہ تک نکالی گئی، ریلی کی قیادت ڈویژنل صدر پاکستان پیلپز پارٹی سردار سلیم خان حیدر نے کی، شرکاء نے انڈیا مردہ باد کے نعرے لگائے، ریلی میں پارٹی کارکنوں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے مودی کا پتلا بھی جلایا۔حیدرآباد میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ضلع صدر صغیر قریشی کی قیادت میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی حمایت اور مکار بھارتی وزیراعظم مودی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں جیالوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بھارت مخالف پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے جس پر نریندر مودی کے خلاف نعرے درج تھے، مظاہرین نے مودی کے خلاف نعرے بازی بھی کی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت میں پاکستانی سفارت خانے پر بلاول بھٹو کے خلاف احتجاج کی مذمت کرتے ہیں۔اوکاڑہ میں پیپلز پارٹی کے کارکن مودی سرکار کے خلاف آگ بگولہ ہوگئے، مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے مودی کا پتلہ بنا کر اس پر ڈنڈوں کی برسات کر دی، کارکنوں کی جانب سے بعد ازاں مودی کے پتلے کو نذر آتش کر دیا گیا، کارکنوں نے ہندوستان کے جھنڈے سڑکوں پر بچھا دیے، جیالوں کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائد بلاول بھٹو زرداری جرات مندانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔حیدرآباد میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام بلند کیا، بھارتی وزیراعظم پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کے مسئلہ پر اقوام متحدہ میں بھرپور آواز بلند کی، بلاول بھٹو مظلوم کشمیریوں کی آواز ہے، اس موقع پر احتجاجی مظاہرین نے بھارت کا جھنڈا اور نریندر مودی کی تصویریں نذرآتش کیں۔لاڑکانہ میں بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کی حمایت اور مودی کے خلاف احتجاجی مظاہرے مودی سرکار کے خلاف نوڈیرو، رتوڈیرو، ڈوکری، باقرانی اور باڈہ میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے، لاڑکانہ میں ہونے والے مظاہرے کی قیادت رکن قومی اسمبلی نصیبہ چنہ نے کی، جس میں بڑی تعداد میں کارکن شریک ہوئے، درجنوں جیالوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں اور ہاتھوں میں پینا فلیکس تھامے ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں