اہم خبریں

جیل جانے کا شوق ہے تو عمران ضمانت کیوں کرواتے ہیں؟ فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد (نیوزڈیسک)وفاقی وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اپنے اعمال کی وجہ سے جیل نظر آ رہی ہے، جیل جانے کا شوق ہے تو عمران خان اپنی ضمانت کیوں کرواتے ہیں؟اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نےکہا کہ ملک کے سابق وزرا اور صدور عدالت کے سامنے پیش ہوئے تو عمران خان کیوں نہیں ہوتے؟ عمران خان سرٹیفائیڈ چور ہیں جنہوں نے لوگوں کے پیسے کھائے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی آئی ایم ایف کے معاہدے کے تحت ہوئی جبکہ تحریک انصاف نے عدم اعتماد کے معلوم ہونے پر آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کیے۔عمران خان نے عالمی سطح پر ملک کو بدنام کیا، عمران خان کی کوئی ہڈی فریکچر نہیں ہوئی لیکن پھر بھی پلستر باندھا ہوا ہے۔انہوں نےکہا کہ عمران خان کو اپنے کرتوتوں کی وجہ سے جیل نظر آرہی ہے، عمران خان این آر او مانگ رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ عدالتیں انہیں کچھ نہ کہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو گزشتہ حکومت کی غیر موثر پالیسیوں کی وجہ سے شدید معاشی چیلنجز کا سامنا ہے جس نے پارلیمنٹ سے توثیق کے ساتھ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ ملک میں موجودہ معاشی بحران کا ذمہ دار کون ہے۔ عمران خان کی حکومت نے نقصان دہ فیصلے کر کے ملک اور اس کی معیشت کو تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے سامنے جوابدہ ہیں اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ہمیں الیکشن لڑنا ہے لیکن موجودہ معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے ایسے فیصلے ناگزیر تھے۔ عمران خان کے اپنے خلاف غیر ملکی سازش کے دعووں پر تنقید کرتے ہوئے فیصل کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین نے اپنی “سازشی تھیوری” سے بین الاقوامی سطح پر ملک کی بدنامی کی جو امریکہ سے “راولپنڈی” منتقل ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ (عمران) دعویٰ کر رہے ہیں کہ یہ امریکہ کی سازش نہیں بلکہ اس کے پیچھے کچھ اور طاقتیں تھیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ موجودہ حکومت کو ابھی بھی سیلاب سے متاثر ہونے والوں کے لیے گھروں کی تعمیر نو کے چیلنجز کا سامنا ہے خاص طور پر سندھ، بلوچستان، جنوبی خیبر پختونخوا اور پنجاب میں۔ جیل بھرو تحریک پر تبصرہ کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر عمران خان کسی کرپشن میں ملوث نہیں تو عدالت میں پیش ہونے سے کیوں ڈرتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سیاسی انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی لیکن ’’عمران خان کے اپنے اقدامات انہیں نااہل قرار دے کر جیل بھیج دیں گے‘‘۔ فیصل کنڈی نے مزید کہا کہ اپنے دور میں پی ٹی آئی کی حکومت کی جانب سے سیاسی انتقام کا سامنا کرنے کے باوجود، پی پی پی ملک کے وسیع تر مفاد کے لیے ان کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کے لیے ہمیشہ تیار رہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی کسی تقریر میں عوام کو یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے خیبرپختونخوا میں کیا کیا؟ جہاں انہوں نے نو سال حکومت کی۔انہوں نے زرعی شعبے کو ملک کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی بحران کے باوجود اس شعبے کو فروغ دینے کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے لیے بجٹ میں مختص رقم کو 360 ارب روپے سے بڑھا کر 400 ارب روپے کر دیا ہے۔ بی آئی ایس پی اس ماہ پروگرام میں غریب گھرانوں کو رجسٹر کرنے کے لیے ایک متحرک سروے شروع کرنے جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فیصل کنڈی نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شرکت کا فیصلہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے اور تمام اراکین ان کے فیصلے پر عمل کریں گے۔

متعلقہ خبریں