اسلام آباد( نیوز ڈیسک) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار تنویر الیاس نےکہاہے کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت گرانے کی کوششیں کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئےنوٹوں سے بھرے بریف کیس وفاقی حکومت نے مظفر آباد بھجوائے ہیں، جن کے ذریعے آزاد کشمیر کے ایم ایل ایز کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میڈیاسے گفتگومیں انہوں نے وفاقی حکومت پر کشمیر میں تحریک انصاف حکومت گرانے کیلئے اراکین اسمبلی کو خریدنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ نوٹوں سے بھرے بریف کیس وفاقی حکومت نے مظفر آباد بھجوا دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاق کو ہٹ دھرمی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے اور الیکشن کی طرف جانا چاہیے، وفاق کے زور پر پی ڈی ایم نے تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کی حکومت تبدیل کی تو ہم سڑکوں پر ہوں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی حکومتیں الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہیں اپنے ملک کی ترقی اور سلامتی کیلئے سب کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف الیکشنز کا جمہوری مطالبہ کر رہی ہے، عوام کی عدالت میں جانے سے سیاسی قوتوں کو گھبرانا نہیں چاہیے ، پاکستان مقدم ہے اور باقی سب بعد میں ہے، پاکستان کے اندر معاشی بے چینی پر ہمیں تشویش ہے۔