اسلام آباد(اے بی این نیوز ) وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے اسلام آباد کی سرکاری رہائش گاہوں کے الاٹیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاوسنگ اور ورکس کی سفارشات پر و ملک کے موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر فاقی سرکاری رہائش گاہوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری انسداد تجاوزات آپریشن کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ملاقات میں سابق وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وفاقی سیکرٹری وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس افتخار علی شلوانی بھی موجود تھے۔ مولانا عبدالواسع نے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تجاوزات کی وجہ سے رہائشیوں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا عزم کیا۔ تاہم، موجودہ صورت حال انسداد تجاوزات مہم کے لیے مناسب نہیں ہے کیونکہ یہ پہلے سے ہی پسے ہوئے عوام کو مزید دبا دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ صحن/چھتوں کے اندر اضافی تعمیرات عمارت کے اصل نقشے کو خراب کر رہی ہیں اور باقاعدہ منصوبہ بند ی سے بنے شہر کی خوبصورتی کو بھی متاثر کر رہی ہیں، جس سے عوام کوبھی مشکلات پیش آرہی ہیں تاہم پھر بھی ان حالات میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی سفارش نہیں کی جاتی اور ایسا کرنا مکینوں کو بھاری نقصان پہنچاناہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے ملازمین کو جدید رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہائی رائز بلڈنگز کی نئی حکمت عملی زیر غور ہے اور اس کی سمری پہلے ہی وزیراعظم آفس کو ارسال کر دی گئی ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں وفاقی سیکرٹری ہاوسنگ افتخار علی شلوانی کی کوششوں کو بھی سراہا۔ اس موقع پرطارق فضل چوہدری اور وفاق کی ملکیتی رہائشی رہائش گاہوں کے مکینوں کے نمائندوں نے تالیاں بجا کر مولانا عبدالواسع اور افتخار علی شلوانی کا انسداد تجاوزات آپریشن ختم کرنے پر شکریہ ادا کیا کیونکہ یہ ایک ایسا بروقت اقدام ہے جس سے عوام کو تھوڑا سا سکھ ملے گا۔