اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ اعتراف کرتا ہوں غریب آدمی مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔دی فیوچر سمٹ کانفرنس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ غریب آدمی کے لیے چار ماہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے لڑا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں دو ملک ہیں، ایک غریب کا ملک اور دوسرا امیر کا ملک ہے۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روپے کے بے قدری کی وجہ سے مہنگا تیل خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے جانے سے قبل پیٹرول پر سبسڈی دی اور بینک کرپٹ کردیا۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ گیس کی چوری کا بوجھ غریب آدمی پر آتا ہے امیر آدمی بچ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کو گیس چوری کا پورا پورا حساب دینا ہوگا۔ ایس ایس جی سی میں جو چوری کرے گا اس کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سستے تیل کے لیے روس سے معاہدہ ہوگیا ہے، مارچ سے ترسیل شروع ہو جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر پاکستان عالمی پابندیوں کا سامنا نہیں کرسکتا۔ عالمی قوانین کو سامنے رکھ کر ہی پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ آگے بڑھا سکتے ہیں۔