اسلام آباد(نیوزڈیسک)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 32 پیسے سستی کردی۔ نیپرا نے دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں ریلیف کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ ریگولیٹر کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ اتھارٹی (سی پی پی اے) نے 2 روپے 20 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ دسمبر کا ایف سی اے نومبر کی نسبت 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ کم چارج کیا جائے گا۔نیپرا کے مطابق دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے ریلیف کا اطلاق فروری کے بلوں پر ہوگا۔فیول ایڈجسٹمنٹ ریلیف کا اطلاق لائف لائن اور 300 یونٹس تک گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا۔فیول ایڈجسٹمنٹ ریلیف زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر نہیں ہوگا۔اسی طرح اس ریلیف کا اطلاق کےالیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔