کراچی (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ان کی پشت پر ہے اور ان کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر کوششیں کر رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں فورم فار رائٹس آف مارجنلائزڈ کمیونٹیز کے زیر اہتمام اقلیتی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ سیمینار بعنوان ”پسماندہ طبقات کے حقوق- مسائل اور چیلنجز“ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلم ان کے منشور کا حصہ ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ پاکستان میں غیر مسلم اپنی عبادت گاہوں میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی بہت ضروری ہے اور اسے نافذ کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پسماندہ طبقات میں خواتین زیادہ پسماندہ ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ تمام پاکستانی برابر ہیں اور ان کے حقوق یکساں ہیں۔شیری رحمان نے موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 20 ملین لوگ انسانی امداد پر زندہ ہیں، جو حالیہ سیلاب کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب سے سندھ 80 فیصد متاثر ہوا اور 4 لاکھ خواتین اب بھی خیموں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی نظام کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے مشکل وقت میں مخیر حضرات کو بھی سراہا۔ انتہا پسندی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا پر انتہا پسندی اور نفرت کے سیاہ بادل منڈلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فسطائیت نہیں چلنے دیں گے۔سیمینار سے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور سندھ کے وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار شاہ نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں سکول کے بچوں نے ٹیبلوز پیش کئے۔