ملک بھر میں پٹرول کی قیمت میں کمی کی اطلاعات نے عوام میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر کمی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 6 روپے 8 پیسے کمی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت تقریباً 403 روپے تک آنے کا امکان ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 404 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوسکتا ہے۔ حکومت کی جانب سے قیمتوں میں ردوبدل کا اطلاق آج رات 12 بجے سے کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حالیہ مہنگائی کے دور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے روزمرہ استعمال کی اشیا اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کچھ حد تک کمی آسکتی ہے۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت آئندہ بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث مقامی سطح پر بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثر پڑتا ہے۔ اگر عالمی مارکیٹ میں قیمتیں مزید کم ہوئیں تو آنے والے دنوں میں مزید ریلیف کا امکان موجود ہے۔
پٹرول کی قیمت میں کمی سے ٹرانسپورٹ سیکٹر سمیت مختلف شعبوں میں بھی مثبت اثرات متوقع ہیں جبکہ عوام حکومتی اعلان کے باضابطہ نوٹیفکیشن کا انتظار کررہے ہیں۔















