اہم خبریں

عمران خان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ،سچ کا سورج جلد طلوع ہوگا،خورشید شاہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ افراتفری اور انتشار عمران خان کا ایجنڈا ہے اور وہ حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں اپنے ایجنڈے پر کام جاری رکھتا ہے، کوئی عام انسان صادق اور امین کے خطاب کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا اور عام انسانوں پر اس کا اطلاق مناسب نہیں،صادق اور امین کا لقب صرف انہیں کو زیب دیتا ہے جن سے یہ منسوب ہے، عقل کا تقاضا ہے کہ عمران خان خود اس ٹائٹل سے دستبردار ہو جائے کیوں کہ وہ کبھی بھی اس لقب کے شایان شان تھا نہ ہے اور نہ ہوگا۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کو افراتفری اور ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے مگر وہ اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے اور جھوٹ کا سکہ اب زیادہ عرصہ نہیں چلے گا اور سچ کا سورج جلد طلوع ہوگا، عمران خان نے ماضی میں لوگوں کو جھوٹے خواب دکھا کر اقتدار میں آنے کا اپنا خواب تو سچا کرلیا مگر اقتدار میں آکر اس نے غریبوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس عوام کی ترقی اور خوشحالی کا کوئی ایجنڈا نہیں اس لئے وہ ہر وقت توڑ پھوڑ اور افراتفری کی سیاست میں مشغول رہتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے اگر عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کچھ کیا ہے تو پنجاب اور خیبر پختون خواہ میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کے اقدامات پر بھی بات کرے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کے نئے وینچر کا انجام بھی اس کے انقلابی لانگ مارچ سے مختلف نہیں ہوگا۔

متعلقہ خبریں