اہم خبریں

افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف جنگ لڑی جا رہی ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف جنگ لڑی جا رہی ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان خطے میں قیامِ امن کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ ہماری فوج دہشت گردی کے خلاف روزانہ قربانیاں دے رہی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغان طالبان رجیم بھارت کی پراکسی بنی ہوئی ہے اور پاکستان کے خلاف اب جنگ کابل سے بیٹھ کر لڑی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اب براہِ راست پاکستان سے لڑنے کے بجائے افغانستان کے ذریعے کارروائیاں کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

وزیر دفاع کے مطابق پاکستان نے افغانستان سے ایک بار نہیں بلکہ کئی بار گفت و شنید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں افغان طالبان رجیم کے ساتھ مذاکرات بھی ہوئے اور دہشت گردی کے دوران بھی رابطے جاری رکھے گئے۔

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان زبانی دعوے تو کرتے ہیں لیکن تحریری یقین دہانی دینے کیلئے تیار نہیں جبکہ افغانستان پاکستان کو مطلوب سیکیورٹی گارنٹی دینے پر بھی آمادہ نہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ قطر، ترکیہ اور سعودی عرب نے بھی مذاکرات میں کردار ادا کیا اور بعض مواقع پر کابل حکومت کے ساتھ 19،19 گھنٹے طویل بات چیت ہوئی۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پہلے خیبرپختونخوا حکومت کا تعاون حاصل نہیں تھا تاہم اب دہشت گردی کے معاملے پر وفاق اور خیبرپختونخوا حکومت ایک پیج پر ہیں۔

مزید پڑھیں۔حکومت کی تمام گیس صارفین سے یکساں اوسط نرخ وصول کرنے کی تیاری

متعلقہ خبریں