تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم Sheikh Waqas Akramنےاے بی این نیوز کے پروگرام سوال سے آگے میں گفتگو کرتے ہو کہا کہ بانی پی ٹی آئی imran khanسے ملاقات کیلئے پارٹی ہر ممکن راستہ اختیار کرے گی اور اس معاملے پر کسی قسم کی پسپائی اختیار نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے اور جب تک مقصد حاصل نہیں ہو جاتا، جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے کارکنان اور اراکین اسمبلی بڑی تعداد میں متحرک ہیں جبکہ اسلام آباد میں پارٹی سرگرمیوں میں بھی نمایاں عوامی شرکت دیکھنے میں آئی۔ شدید بارش اور خراب موسم کے باوجود کارکنوں کا گھروں سے نکلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی کارکن آج بھی اپنی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن ہر قسم کے دباؤ اور گرفتاریوں کے باوجود حوصلہ نہیں ہاریں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حالیہ احتجاجی سرگرمیوں کے دوران پرامن کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے اور بعض مقامات پر پولیس کارروائیاں بھی کی گئیں۔
انہوں نے پارٹی کے اندرونی معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ تنظیمی ڈھانچہ مضبوط ہے اور تمام کارکن پارٹی قیادت کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق احتجاجی کال سے متعلق حتمی فیصلہ صرف بانی پی ٹی آئی کریں گے اور پارٹی میں ان کی ہدایات کو آخری حیثیت حاصل ہے۔
گفتگو کے دوران انہوں نے جمیعت علمائے اسلام کے ساتھ ممکنہ سیاسی تعاون کا اشارہ بھی دیا اور کہا کہ مستقبل کی سیاست میں مختلف سیاسی امکانات موجود ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کی اولین ترجیح بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور عوامی مسائل کا حل ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ تحریک انصاف صرف احتجاجی سیاست تک محدود نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر سیاست کو آگے بڑھانا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق عوام کو مشکلات میں ڈالنے کے بجائے بہتر حکمرانی اور پالیسیوں کے ذریعے مسائل حل کرنا پارٹی کا مقصد ہے۔















