پشاور (نیوزڈیسک) خیبرپختونخوا میں ضمنی انتخابات کیلئے قومی اسمبلی کے 8 حلقوں پر 74 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ دو کے مختلف وجوہات کی بنا پر مسترد کر دئیے گئے۔این اے 4 سوات سے سابق وفاقی وزیر مراد سعید امیدوار ہوں گے، این اے 38 ڈیرہ اسماعیل خان سے علی امین گنڈا پور سمیت 10 امیدواروں کے درمیان میدان سجے گا، این اے 17 ہری پورسے سابق وفاقی وزیر عمر ایوب سمیت 7امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے، صوابی کے این اے 18 سے سابق سپیکر اسد قیصر سمیت 11امیدوار آمنے سامنے ہوں گے۔کوہاٹ کے این اے 32 سے شہریار آفریدی اور عباس آفریدی سمیت 7 امیدواروں میں مقابلہ ہو گا، این اے 25 نوشہرہ میں پرویز خٹک اور (ن) لیگ کے اختیار ولی سمیت 9 امیدوار میدان میں ہوں گے، این اے 43 سے سابق وفاقی وزیر نور الحق قادری اور شاہ جی گل آفریدی سمیت 9 امیدواروں کے درمیان میدان سجے گا، این اے 26 سے عمران خٹک سمیت 12 امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے۔این اے 17 ہری پور سے شوکت بلال کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے انہوں نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروائے تھے، این اے 43 سے عبدالرشید کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہوگئے، ان کو سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہوئے دو سال مکمل نہیں ہوئے تھے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزد گی پر 16 فروری تک درخواستیں ٹربیونل کو جمع کرائی جا سکیں گی، اپیلوں پر سماعت 20 فروری کو ہوگی جبکہ 22 فروری تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جا سکیں گے، 23 فروری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے، 16 مارچ کو پولنگ ہوگی۔