اسلام آباد(اے بی این نیوز) پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کی پیشکش کردی۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق دو پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ پاکستان نے جنگ بندی کی مدت ختم ہونے سے قبل اسلام آباد میں مذاکرات کی تجویز دی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جمعرات کو ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بات چیت جاری ہے اور اس میں پیش رفت کے امکانات ہیں۔ ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا گیا کہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے پیش رفت ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ مذاکرات کا پہلا دور 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہوا تھا جس میں دونوں ممالک کے وفود نے تقریباً 21 گھنٹے تک مذاکرات کیے تاہم کوئی حتمی معاہدہ نہ ہو سکا۔
اس حوالے سے جے ڈی وانس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے، امریکا نے اپنی تجاویز پیش کر دی ہیں اور اب فیصلہ ایران کے ہاتھ میں ہے۔
دوسری جانب مسعود پیشکشیان کا کہنا ہے کہ ایران منصفانہ معاہدے کے لیے تیار ہے جب کہ سرگئی لاوروف نے اس بات پر زور دیا ہے کہ نئی جنگ کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا اور اس بحران کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ روس اس مسئلے کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
مزید پڑھیں:آج پاکستان میں سونے کی تازہ ترین قیمت















