پشاور ( اے بی این نیوز)پشاور کے نواحی علاقے حسن خیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید ہو گیا۔ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھا اور اچانک اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں دہشت گرد عناصر کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد سی ٹی ڈی اور پولیس کی ٹیموں نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔بعد ازاں شہید اہلکار مقتدر خان کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی جس میں پولیس، پاک فوج کے اعلیٰ حکام، افسران، اہلکاروں اور لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی جبکہ اعلیٰ حکام نے پھولوں کی چادریں چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔
پولیس حکام نے شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بہادر سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
مزید پڑھیں :جہلم سے افسوسناک خبر،جا نئے کتنا جا نی نقصان ہوا















