اسلام آباد( اے بی این نیوز)اسلام آباد پولیس نے شہریوں کے لیے اہم ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے متعدد مرکزی شاہراہوں پر ڈائیورشنز اور بندشوں کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر ٹریفک کا رخ متبادل راستوں کی جانب موڑا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق مری روڈ سے کلب روڈ کے راستے ریڈ زون تک بھی ٹریفک کے لیے ڈائیورشنز نافذ ہوں گی جبکہ ان اہم شاہراہوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بس اسٹاپس یا مخصوص لوپس پر گاڑیاں کھڑی نہ کریں۔
پولیس کے مطابق ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون میں ہر قسم کی آمدورفت بند رہے گی۔ اس کے علاوہ کشمیر چوک سے زیرو پوائنٹ تک، سری نگر ہائی وے پر مختلف حصے، شکرپڑیاں روڈ، جناح ایونیو اور فیصل چوک سے ٹریل تھری تک مارگلہ روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صرف ایمرجنسی صورت میں سفر کریں۔ متبادل راستوں کے ذریعے ٹریفک کو رواں رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور تازہ ترین ٹریفک اپ ڈیٹس کے لیے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور واٹس ایپ چینل سے رہنمائی حاصل کریں۔
مزید پڑھیں :ایران کی شرائط سامنے آگئیں،جا نئے تفصیل















