اہم خبریں

ایران اور امریکہ کے درمیان اہم مذاکرات کا آغاز،اسلام آباد عالمی سفارت کاری کا مرکز بن گیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز‌)اسلام آباد آج عالمی سفارت کاری کا مرکز بن گیا ہے جہاں پاکستان کی میزبانی میں ایران اور امریکہ کے درمیان اہم مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے، جو آج اور کل جاری رہیں گے۔ اس پیش رفت نے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے، اور سوشل میڈیا پر بھی یہ معاملہ ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی سطح کے مذاکرات آج ہوں گے جبکہ مرکزی اور فیصلہ کن مرحلہ ہفتے کے روز متوقع ہے۔ امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے، جبکہ دیگر اہم شخصیات میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔ ایران کی جانب سے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اسپیکر باقر قالیباف مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

حکام کے مطابق غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر اسلام آباد میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ مختلف راستوں پر خصوصی کنٹرول اور نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

پاکستان نے اس اہم موقع پر بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے شرکاء کے لیے ویزا آن آرائیول کی سہولت بھی متعارف کرا دی ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق مذاکرات میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کو پاکستان پہنچنے پر فوری ویزا جاری کیا جائے گا، جبکہ متعلقہ ایئرپورٹس پر خصوصی سہولت ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں۔ ایئرلائنز کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے مسافروں کو بغیر پیشگی ویزا بورڈنگ کی اجازت دیں۔

دوسری جانب خطے میں ایک اور اہم پیش رفت کے امکانات بھی سامنے آ رہے ہیں، جہاں اسرائیل اور لبنان کے درمیان بھی آئندہ ہفتے مذاکرات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں :امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان کے لیے روانہ ،ٹرمپ نے واضح ہدایات دیدی

متعلقہ خبریں