اسلام آباد ( اے بی این نیوز )تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 25 اپریل کو ملک گیر جلسوں کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے بعد سامنے آیا جس کی صدارت محمود خان اچکزئی نے کی۔اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، خطے میں جاری کشیدگی اور خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکا نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے خطے میں امن کی امید ظاہر کی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے صرف جنگ بندی ہی نہیں بلکہ دیگر تنازعات جیسے لبنان، شام اور غزہ کے مسائل کا حل بھی ضروری ہے۔ اسی طرح پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا اور مکالمے کو تنازعات کے حل کا بہترین راستہ قرار دیا گیا۔
اجلاس میں اندرونی سیاسی معاملات پر بھی بات ہوئی، جہاں حکومت سے سیاسی مکالمے، قانون کی حکمرانی اور مفاہمت کے فروغ کا مطالبہ کیا گیا۔ بلوچستان سے متعلق امور، بعض مقدمات اور گرفتار افراد کی رہائی جیسے نکات بھی زیر بحث آئے۔تنظیم نے آئندہ لائحہ عمل کے تحت ملک بھر میں جلسوں اور ریلیوں کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ یکم مئی کو مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی ریلیاں نکالنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں :پاکستان تحریک انصاف نے راولپنڈی میں کل ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا















