راولپنڈی ( اے بی این نیوز )راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو لیاقت باغ میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھ گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اپریل کو جلسے کے لیے دی گئی این او سی کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے، اور اس فیصلے سے پارٹی کے مقامی رہنماؤں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات اور امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ موجودہ حالات میں بڑے عوامی اجتماع سے شرکا کی جان و مال کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جبکہ شہر میں دفعہ 144 بھی نافذ ہے۔ مزید یہ کہ کفایت شعاری پالیسی کے باعث اتنے بڑے اجتماع کے لیے سیکیورٹی انتظامات کرنا مشکل ہے۔دوسری جانب پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لیاقت باغ اب ایک تفریحی مقام ہے اور یہاں سیاسی جلسوں سے پودوں، سبزہ اور خوبصورتی کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے اس جگہ کو جلسوں کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن سیاسی اجتماع ان کا آئینی حق ہے اور اسے محدود کرنا مناسب نہیں۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
مزید پڑھیں :ایران کے خلاف کارروائیوں میں امریکہ کو بڑی برتری حاصل ہوئی ،پیٹ ہیگسیتھ اورجنرل ڈین کین















